لاہور قلندرز کا سفر: شاہین آفریدی کی نظر میں کامیابی، محنت اور ٹیلنٹ کی تلاش

لاہور( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ فرنچائز کا دس

سالہ سفر ہرگز آسان نہیں تھا، مگر اس سفر نے بہت سے نوجوانوں کی تقدیر بدل دی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جاری ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم کا مقصد صرف ٹرافی جیتنا نہیں، بلکہ نئے کھلاڑیوں کو ڈویلپ کرنا اور انہیں پاکستان کے لیے تیار کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں سب یہی کہتے تھے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں، لیکن لاہور قلندرز نے اس سوچ کو بدل کر رکھ دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے عاطف رانا اور ثمین رانا کو خصوصی کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کو بھرپور موقع فراہم کیا۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ پہلے چھ سال ٹیم کے لیے مشکل رہے، لیکن اگلے چار برسوں میں تین ٹرافیاں جیت کر لاہور قلندرز نے اپنی محنت ثابت کی۔ ان کامیابیوں کا کریڈٹ ثمین رانا سمیت اُن نوجوان کھلاڑیوں کو جاتا ہے جنہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ مقامی کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دکھائی اور فرنچائز نے انہیں جدید سہولیات فراہم کیں۔ مستقبل میں بھی لاہور قلندرز کا ہدف یہی ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو تلاش اور تربیت دے کر مزید مضبوط ٹیم سامنے لائی جائے۔