خواتین کی کرکٹ کی بہتری کیلئے 3رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان

اسپورٹس ڈیسک،فوٹو :فائل )پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کی کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے 3رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا جس کی سربراہی سابق 

کپتان عروج ممتاز کریں گی۔

تین رکنی کمیٹی میں اسماویہ اقبال کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ مرینہ اقبال کو کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے جس کا پہلا ہدف رواں سال مئی میں جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کے لیے ٹیم کا انتخاب ہے۔خواتین کرکٹ کے ڈھانچے میں ازسرنو تبدیلی کے منصوبے کے طور پر عائشہ جلال کو ٹیم نیجر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جبکہ عائشہ اشعر کو انٹرنیشنل کرکٹ کی منصوبہ بندی اور رابطہ سازی کی ذمے داری دی گئی ہے۔

جلال الدین کی زیر سربراہی قائم سلیکشن کمیٹی کی مدت گزشتہ ماہ ختم ہونے کے بعد نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کو ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی سلیکشن کمیٹی ان لوگوں پر مشتمل ہے جو اب تک کھیل سے منسلک تھے اور کھیل کے جدید تقاضوں کو بہت اچھے سے سمجھتی ہیں۔عروج ممتاز سمیت دیگر دو اراکین نے کمیٹی کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی سی بی کے شکرگزار ہیں جس نے ہماری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں یہ ذمے داری دی ۔