قومی ٹیم کے 7 کھلاڑیوں اور رکن ٹیم مینجمنٹ کے کورونا ٹیسٹ مثبت

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک،خبر ایجنسی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 مزید کھلاڑیوں اور ایک ٹیم مینجمنٹ کے رکن میں کویڈ۔19 ٹیسٹ کے نتائج

مثبت آنے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ تین کھلاڑیوں حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کے مثبت نتائج پہلے ہی آ چکے ہیں۔
مجموعی طور پراسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کویڈ 19 ٹیسٹ پیر کو لئے گئے۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لئے گئے تھے۔ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں اور جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں ان میں عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں شامل رکن ملنگ علی(مساجر) کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ میں جن آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئے ان میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ (ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت (سیکورٹی منیجر) اور رضا کیچلو (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ منیجر) شامل ہیں۔ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کے ٹیسٹ ابھی تک ٹیسٹ نہیں ہو ئے ہیں، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان سمیت ان ساتوں کھلاڑیوں اور اسکواڈ میں شامل ٹیم مساجر میں بھی ٹیسٹنگ سے قبل کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔
پی سی بی کا میڈیکل پینل ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہیاور ان تمام اراکین کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے جو کہ ان کے اور ان کی فیملی کے صحت اور حفاظت کیلئے بھی ضروری ہے۔
اسکواڈ میں شامل ایسے کھلاڑی اور آفیشلز جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں وہ 24 جون کو لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں اکٹھے ہوں گے۔ تمام اراکین کی دوسری کوویڈ19 ٹیسٹنگ 25 جون کو ہو گی۔ لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے25 جون کو لئے جانے والے ٹیسٹ بھی منفی آئیں گے تو وہ 28 جون کو چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہوں گے۔چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلزکی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا۔یہ ٹیسٹنگ پاکستان کے اسکواڈ کے انگلینڈ پہنچنے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ہوگی، انگلینڈ پہنچنے پر جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئیں گے تو انہیں یوکیحکومت کے قوانین کے مطابق قرنطینہ کی مدت کرنی پڑے گی تاہم وہ اس دوران بائیو سیکیور ماحول میں پریکٹس اور ٹریننگ کرسکیں گے۔