
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔ جاری کردہ اعدادو شمار
کے مطابق پشاور میں ایک کلو چینی کی قیمت 110روپے تک پہنچ گئی، جبکہ لاہور، اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی کی نسبت پشاور میں چینی 10روپے فی کلو مہنگی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور،کراچی اور حیدرآباد میں چینی 100 روپے کلو ہے جب کہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور سکھر میں چینی 95 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔
ملک میں چینی کی اوسط قیمت 95 روپے 67 پیسے فی کلو تک ہے اور ایک کلو چینی کی کم ازکم قیمت 92 جب کہ زیادہ سے زیادہ 110 روپے ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق ایک ہفتے میں کھانے پینے کی 15 چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ اور 13 چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ ایک ہفتے میں 23 چیزوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔














