
اسلام آباد( ویب ڈہیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے
نیشنل ایکشن پلان پر مسلسل عمل کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس پلان پر عمل کیا گیا ہوتا تو آج پاکستان کے پاس انتہا پسندوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کا ثبوت موجود ہوتا۔
بلاول نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل کیا گیا ہوتا تو دنیا بھر میں پاکستان کی پوزیشن مختلف ہوتی اور ناصرف بھارت کے پاس ہم پر انتہا پسندی کا الزام لگانے کا جواز نہ ہوتا بلکہ ہمارے پاس انتہا پسندوں کے خلاف کیے
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئےبلاول نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ نیشنل ایکشن پلان پر مستقل عمل ہو گا اور اس معاملے پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے حکومت سے اس سلسلے میں وضاحت دینے اور پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بلاول نے انتہا پسندی کی سیاست پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ کا ماحول پیدا کر کے دہشت گردی کو سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ انہیں اس میں آئندہ عام انتخابات میں فائدہ نظر آ رہا ہو گا۔
’انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اب بھی پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پلوامہ میں نیم فوجی دستے پر ہونے والے حملے کو وہ اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی لیے استعمال کر رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جوہری طاقت کے حامل پاکستان اور بھارت کے درمیان اب بھی جنگ کا خطرہ موجود ہے۔
سیاسی جماعتوں کے احتساب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب کو صرف سیاسی جماعتوں کو دباؤ میں لینے کے لیے بنایا گیا تھا۔
’آج بھی اگر احتساب جمہوری پسند سیاست دانوں کے لیے نہیں ہوتا، قانون کی بالادستی قائم رہتی تو کسی کو کوئی مسئلہ نہ ہوتا لیکن پیپلزپارٹی کے خلاف جو سازشیں چل رہی ہیں، اس میں ملکی آئین کی پاسداری نہیں کی جا رہی‘۔
انہوں نے کہا کہ آئین آرٹیکل 10اے ہر شہری کو آزاد اور شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہو رہا اور یہ سب محض مذاق بن کر رہ گیا ہے۔
حال ہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سربراہ منتخب ہونے والے بلاول نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں انسانی اور جمہوری حقوق کا بحران ہے اور یہ کہنا بالکل جھوٹ ہو گا کہ ملک کے تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔














