
کراچی (رنگِ نوڈاٹ کام،فوٹو:فائل )ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید
نے کراچی کے فریئرہال میں عالمی یوم خواتین پرعورت مارچ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کرانےکا اعلان کردیا۔
سندھ اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرزڈےکےموقع پرایوان کی کارروائی کےدوران ایک نکتہ اعتراض پرایم ایم اے کےرکن اسمبلی عبدالرشید نےاس امر کی نشاندہی کی کہ فریئر ہال کراچی میں ایک مظاہرہ ہواجس میں شریک خواتین جو کتبے اٹھا رکھےتھے،ان سے نہ صرف خواتین کی تضحیک کی گئی بلکہ اسلامی شعائر کا بھی مذاق اڑایا گیا۔
سید عبد الرشید نے کہا کہ ہماری ماں بیٹیوں کو اس چیز سے بچانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت سندھ سے پوچھتا ہوں کہ اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت کون دیتا ہے؟اس اجتماع میں شریک ایک شخص کا انٹرویو نشر ہوا جس میں اس نے مطالبہ کیا کہ جب تک پاکستان میں نکاح پرپابندی نہیں لگتی ایسا ہی ہوتا رہےگا۔
انہوں نے کہاکہ عورت کو سڑک پرلا کرتذ لیل کرنےکی مذمت کرتاہوں اورایسا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کراوں گا۔
وزیرامتیازشیخ نےنکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا ایسی کسی سرگرمی یا مظاہرے سےکوئی تعلق نہیں ہے،کسی نے اپنے طور پر مظاہرہ کا اہتمام کیا ہوگا،کوئی ایک دو پوسٹرزہونگے باقی پوسٹرز شاید کہیں اور کے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس چیز کا علم نہیں سندھ حکومت نے اسکی اجازت نہیں دی تھی۔














