پی ٹی آئی کی کارکردگی سےاسےلانےوالےبھی مایوس ہیں،سراج الحق

لاہور/ٹنڈوآدم( رپورٹ:سلمان غوری )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم کا خیال تھا کہ پی ٹی آئی معیشت سمیت مختلف

شعبوں میں بہتری کے لیے ہوم ورک کرکےآئی ہوگی، لیکن سات آٹھ ماہ کی کارکردگی سےعوام کےساتھ وہ لوگ بھی مایوس ہوگئے ہیں جوان کولانےوالے تھے۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے.

یہ بات انہوں نےدمام میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع اور احباب جمعیت و بزنس کمیونٹی کی طرف سے دیے گئے ظہرانے کے شرکاءسے خطا ب کرتے ہوئے کہی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 70 سال میں عوام نے نئے نئے نعروں سے آنے والی سیاسی جماعتوں اور فوجی آمریت کو بار بار آزمایا ہے مگر آج بھی ملک کا سیاسی ،معاشی، تعلیمی اور عدالتی نظام وہی ہے جو انگریز چھوڑ کر گیا تھا ۔ یہ عام آدمی کے استحصال کا نظام ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ آج بھی ملکی سیاست پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایجنٹ مسلط ہیں ۔ قوم ملک کی بہتری کے لیے ووٹ دیتی ہے ۔ کبھی روٹی کپڑا مکان ، کبھی خوشحال پاکستان ، کبھی سب سے پہلے پاکستان اور اب تبدیلی ، نیا پاکستان کے نعروں اور وعدوں سے ووٹ لینے والوں نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ۔

 انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ،ایم کیو ایم اور پرویز مشرف کے لوگ شامل ہیں۔پی ٹی آئی مختلف جماعتوں سے آنے والوں کا مسافر خانہ بن گئی ہے۔حکومت کے پاس کوئی معاشی اور تعلیمی اور صنعتی نظام نہیں۔ہم نے چپ سادھ کر حکومت کی پالیسیوں کو دیکھا ہے۔ہم چاہتے تھے کہ اگر حکومت بہتری کی طرف قدم اٹھائے گی تو ہم بھی اسے شاباش دیں گے مگر آٹھ ماہ گزر نے کے بعد حکومت نے معیشت کواور زیادہ خراب کردیا۔ قرضوں کا بوجھ اور آئی ایم ایف کی مزید بیڑیاں قوم کو پہنائی جارہی ہیں۔قومی وحدت اور یکجہتی کو نقصان پہنچایااور ہمارے سیاسی کلچر کو بھی گندا کیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب وہ لمحہ آچکا ہے کہ ہم حکمرانوں کے خلاف پوری یکسوئی سے میدان میں نکلیں۔