بھارت پاکستان کو ہلکا لینے کی حماقت نہ کرے، شہریار آفریدی

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ہونے کی وجہ سے بھارت کی عزت کریں گے، بھارت پاکستان کو ہلکا لینے کی حماقت

کبھی نہ کرے، پاکستان کسی سے جنگ نہیں چاہتا اور نہ ہی کسی سے ڈرتا ہے،تاہم انسانیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور آنے والی نسلوں کیلئے مثالی قوم بنیں گے۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے جناح کنونشن سینٹر میں ینگ لیڈرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی توجہ قوم کے بنیادی سماجی مسائل کی طرف دلائی۔ انھوں نے کہا کہ باوقار قوم بن کر اجتماعی طرز فکر آگے بڑھایا جائے، اپنی بیٹی اور بہو کے ساتھ امتیازی سلوک سماجی مسائل کی جڑ ہے، میرے والد پٹھان،ماں پنجابی، سندھ آنکھوں کا نور، کان گلگت بلتستان ہیں، میرا چہرہ آزاد کشمیر اور پورا وجود بلوچستان ہے۔

 شہریارآفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن، ملاوٹ، دھوکا، فریب ، ظلم ، زیادتی عام ہو تو پھر خیر کی توقع کیسی ہوسکتی ہے۔ وزیر مملکت داخلہ نے دو ٹوک کیا کہ قوم اب اپنے فیصلے خود کرنے کی ٹھان چکی ہے، نہ کسی سے جنگ چاہتے ہیں، نہ ہی کیس کا خوف ہے، ہمسایہ ہونے کی وجہ سے بھارت کی  عزت کریں گے، بھارت پاکستان کو ہلکا لینے کی حماقت کبھی نہ کرے۔