انتشارملکی مفاد میں نہیں ، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ انتشار ملک کے مفاد میں نہیں

،جمہوری مسائل جمہوری طورپر ہی حل ہونے چاہئیں ۔ فوج ایک غیرجانبدارادارہ ہے،ہماری سپورٹ جمہوری طورپرمنتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے۔فوج نے الیکشن میں آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اپوزیشن اپنے تحفظات متعلقہ اداروں میں لیکر جائے ، سڑکوں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے ، ملکی امن کوکسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائےگی ۔مولانا فضل الرحمان سینئرسیاستدان ہیں،وہ بتادیں وہ کس ادارے کی بات کررہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ایک سال گزرگیااب بھی اپوزیشن متعلقہ اداروں میں جاسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ20سال میں بہت مشکل وقت گزارا ہے،پاکستانی قوم اورافواج نے دہشت گردی کامقابلہ کیا،جان ومال کی قربانی دےکرملک میں امن قائم کیاگیا۔
میجر جنرل آصف غفورنے کہاکہ بھارت نے جارحیت کی تومنہ توڑجواب دیاگیا،ایل اوسی پربھی معصوم کشمیریوں کوشہیدکیاجارہاہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ مشرقی اورمغربی سرحدپرفوج مصروف عمل ہے،مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارتی بربریت اورظلم جاری ہے،کے پی کے عوام نے بھی دہشت گردی کامقابلہ کیا۔انہوںنے کہاکہ کے پی کے عوام کواب فلاح وبہبودکی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ انتشارملک کے مفادمیں نہیں۔