
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف گامزن
ہیں، سرمایہ کار مختلف شعبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔روپے کی قدر بہتر ہو رہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں، نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا۔
تمام وفاقی وازرتوں کے سیکرٹریز اور صوبائی چیف سیکرٹریز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، سی پیک گیم چینجر ثابت ہو گا، سول سرونٹس کی مشکلات دور کرنے اور سول سروس کو ماضی کی طرح فعال بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے محنت کریں اور مسائل کا حل نکالیں، سول سروس ریفارمز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ سیکرٹریز نے ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کےلئے تجاویز پیش کیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے حکومت سنبھالتے ہی آپ سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں ایک لائحہ عمل تشکیل دینا تھا، ملاقاتوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، سرمایہ کار مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، روپے کی قدر بہتر ہو رہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں، سرمایہ کاروں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں اور اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد نہایت حوصلہ افزاہے، اس تبدیلی کا اعتراف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے، اس فضاءکو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو تبدیل کرنا ہے، نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا، تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کےلئے روایتی طریقوں کو خیرباد کہہ کر عوام کی فلاح کو مقدم رکھنا ہو گا۔














