پرویز مشرف کو غدار اور کرپٹ نہیں سمجھتا، شیخ رشید

اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ایک سیاست

دان بھی ایسا نہیں جو فوج کی نرسریوں سے پل کر جوان نہیں ہوا۔سیاستدان ان آوارہ بطخوں کا نام ہے جو فوج کے گھونسلوں میں انڈے دے کر جوان ہوئے۔
ایک انٹرویو میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں پرویز مشرف کو غدار اور کرپٹ نہیں سمجھتا۔ اگر یہ دیکھنا ہے کہ کس کس نے غیر آئینی کام کیے تو پھر ایسے لوگوں کی ایک قطار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم کیخلاف غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ملک کی تینوں بڑی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ چیک کی جائے، مسلم لیگ (ن) برے طریقے سے پھنسے گی،ممکن ہے آصف زرداری کے ساتھ پلی بارگین کی پیکیج ڈیل ہوجائے،نواز شریف اگر مجرم ہونے کے باوجود بیرون ملک جاسکتے ہیں تو آصف زرداری کے خلاف کیس کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
شیخ رشید نے کہاکہ پاکستان کی سیاست کی نرسریوں میں جتنے لوگ سیاست میں آئے ہیں وہ فوج کے آشیرباد سے آئے ہیں۔آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع اور عدالتی معاملے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ فروغ نسیم کا اس میں کوئی قصور نہیں ہے، ان کے خلاف سب غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری سے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان سے کمیشن کے اراکین کے ناموں پر اتفاق ہوگیا ہے۔