نیب گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیے گئے، شہباز شریف

لندن (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز

شریف نے وزیراعظم عمران خان کو یوٹرن ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی اور نیب گٹھ جوڑ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوا۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب)کے گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا کہ عمران نیازی اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، اللہ تعالی نے کل سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور دونوں مقدمات میں میرٹ پرضمانت ہوئی لیکن نیب نے چیلنج کر دیا تھا۔
صدر مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورت حال پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے یک جہتی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے کاز کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے اور ان کی آواز اور کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ کل ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور سچ کو الگ کرکے دکھا دیا اورآج سچائی کی تیز روشنی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں عدالت عظمی میں سرخرو کیا اور پوری قوم نے دیکھا کہ ہماری نیک نیتی کی گواہی کی آواز عدالت عظمی میں سنائی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کل میری ضمانت کو منسوخ کرنے کے حوالے سے عمران خان نیازی اور نیب نے درخواست دی، ہمیشہ کہتا رہا یہ گٹھ جوڑ ہے مگر اب تو اس میں کوئی شک نہیں رہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عدالت عظمی نے جو سوالات کیے وہ سب کچھ پوری قوم نے ٹی وی پر سنا اور اخبارات میں سب چھپ چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمی نے سوالات کیے لیکن جب نعیم بخاری نے دیکھا کہ ان کی دال نہیں گھل رہی تو انہوں نے اسی میں عافیت جانی کہ میرے خلاف جو درخواست اس کو خود واپس لے لیں، ہمارے لیے عزت کی اس سے بڑی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
ان کاکہنا تھا کہ اس اجلاس میں موجود تھا جہاں جی ای کے چیئرمین نے نواز شریف کو کہا کہ ہم نے مشرق وسطی اور دنیا میں اس طرح کے منصوبے لگائے ہیں لیکن اتنے شفافف طریقے سے منصوبے نہیں دیکھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سب کے بدلے میں گزشتہ ڈیڑھ سال یا پونے دو سال میں عمران خان نیازی اور نیب گٹھ جوڑ نے کیا ہے اس پر ہر پاکستانی رنجیدہ اور دل برداشتہ ہے کہ کیا محنت اور خلوص سے کام کرنا کا یہ نتیجہ ہوتا ہے اور اس کا یہ ثمر ملتا ہے۔