عدالتی فیصلے پر افواج پاکستان میں شدید غم وغصہ ہے،میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پاک فوج کے ترجمان نے پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر کہا ہے کہ عدالتی

فیصلے پر افواج پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'پرویز مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور صدر مملکت رہے اور 40 سال سے زیادہ پاکستان کی خدمت کی۔
'انہوں نے کہا کہ 'جنرل(ر) پرویز مشرف نے ملک کے دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں اور وہ کسی صورت میں بھی غدار نہیں ہو سکتے۔'بیان میں کہا گیا کہ کیس میں خصوصی عدالت کی تشکیل سمیت آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، جبکہ جنرل (ر)پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق نہیں دیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی اور کیس کو عجلت میں نمٹایا گیا۔
'انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جنرل(ر) پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت انہیں سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔