عدم استحکام کیلئے عمران کو اقتدار دیا گیا، فضل الرحمن

پشاور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ اسمبلی

متنازع اورعمران خان حکومت حماقتوں کا مجموعہ ہے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمااسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ناکام، ناجائز اور نااہل حکومت کی حماقتوں کی وجہ سے آرمی چیف بھی مذاق بن گئےہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اسمبلی کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے اختیار نہیں، اس اسمبلی کو آرمی چیف کی توسیع کی قانون سازی کاحق نہیں دے سکتے ورنہ یہ قانون متنازع ہوگا۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف موجودہ وقت میں فوج کے سربراہ نہیں بلکہ سیاسی پارٹی کے سربراہ ہیں اور جس طرح دیگر سیاستدانوں کے خلاف عدالتی فیصلوں کا خیر مقدم کیاجاتا ہے اسی طرح پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر بھی بیانات جاری نہیں کرنے چاہئے، ایسے بیانات ادروں میں ٹکرا کی صورتحال پیدا کرتے ہیں، حالات سنگین ترین ہیں پھونک پھونک کرقدم رکھنا ہوگا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پانامہ اور کرپشن کیسز ہوں یا نیب کی تحریک اس کے پیچھے اصل ایجنڈا ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے اور اسی مقصد کے لیے عمران خان کو اقتدار دیا گیا، چور چور کی رٹ لگا کر کب تک سیاست کی جائے گی، ملک اقتصادی طور پرتاریخ کی بدترین صورت حال پر ہے، معاشی اداروں کے مطابق دو سال مزید بھی مستحکم نہیں ہوگی۔