بلاول پہلے پارٹی میں جمہوریت لائیں، فردوس عاشق

سیالکوٹ(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں تو پہلے اپنی پارٹی میں لائیں، اگر پیپلز پارٹی میں جمہوریت آئی تو فاطمہ بھٹو لیڈر بنیں گی، بلاول بھٹوزرداری کا جمہوریت پر بات کرنا مذاق کے مترادف ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم ایک ایسے شخص کی آواز سن رہے ہیں، جسے بینظیر بھٹو کی یاد صرف ان کی برسی پر ستاتی ہے۔وزیراعظم کو پرچی کے ذریعے سیاست میں اترنے والے سلیکٹڈ کا طعنہ دے رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کا جمہوریت پر بات کرنا مذاق کے مترادف ہے۔ وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں وہ جمہوریت نہیں جس کے لئے قربانیاں دی گئیں کیونکہ ملک میں اس وقت واقعی گٹھ جوڑ اور مک مکا والی جمہوریت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صحیح کہتے ہیں کہ پاکستان میں وہ جمہوریت نہیں جہاں پارٹی رہنماوں کے اکاونٹ سے کھربوں روپے برآمد ہوں،جمہوریت سے بلاول کی مراد بد عنوانی کے لائسنس بانٹنا ہیں، و زیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کٹھ پتلی ہیں۔ دنیا نے دیکھا کہ مک مکے کی سیاست نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ان کا کہنا ہے کہ جب ان کا خاندان اقتدار میں ہوتا ہے تو انہیں جمہوریت یاد آتی ہے۔ان کی جمہوریت کا مطلب اقتدار ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جب ان کا خاندان اقتدار میں ہوتا ہے تو انہیں جمہوریت یاد آتی ہے، ان کی جمہوریت کا مطلب اقتدار ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور کہا تھا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 انہوں نے ووٹر سے جینے مرنے کا دعویٰ کیا تھا اب انہیں تنہا چھوڑ کر جارہے ہیں ،ووٹرز باشعور ہیں، دو بیانیوں میں پھنسی نون لیگ پھڑ پھڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق پروپیگنڈا چل رہا ہے، قوم کو جاننا ہو گا کہ مسئلہ کہاں ہے، گیس مہنگی ہے تو ماضی میں مہنگے داموں ایل این جی خریدنے والے اس کے ذمے دار ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے کہا کہ غریب کا چولہا جلنا چاہیے، عمران خان اس ملک کی ضرورت اور مسیحا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لیے صنعتوں اور سی این جی کو گیس کی فراہمی میں کمی کرنی پڑی تو ہم کریں گے۔