اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِاعظم عمران خان

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتوں

میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ گندم چینی و دیگر اشیاءضروریہ کے سٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالہ سے درست تخمینوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بنیادی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے پیشگی انتظامات کئے جا سکیں۔اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتوں کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو ¿د، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بنیادی اشیاءضروریہ مثلاً گندم، چینی، آلو، ٹماٹر، پیاز، گھی اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی لانے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالہ سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب اور خیرپختونخوا کی صوبائی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے تجاویز کا جائزہ لیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کےلئے سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔

 چینی کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کےلئے فیصلہ کیا گیا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کے ذریعے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا تاکہ سرکاری سطح پر چینی کا مناسب ریٹ مقرر کرنے میں مدد ملے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں ہونے والے ردوبدل کے پیش نظر کامرس ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ وہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک طریقہ کار طے کرے تاکہ گھی کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔