کراچی : سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ انتقال کر گئے

 

کراچی (ویب ڈیسک ) جماعت اسلامی کے اہم رہنما اور سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان

جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق ناظم کراچی کافی عرصے سے علیل تھے اور ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہرنیو ایم اے جناح روڈ پرادا کی جائے گی ۔
نعمت اللہ خان ایک کامیاب وکیل، متحرک فلاحی شخصیت اور ایک بے مثال ناظم کی پہچان رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ نعمت اللہ خان یکم اکتوبر 1930ءکو مشہور مسلم بزرگ خواجہ معین الدین اجمیری کی نگری اجمیر شریف کے علاقے شاہ جہاں پور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم شاہ جہاں پور اور اجمیر سے ہی حاصل کی۔ آپ کے خاندان نے 1948 میں شاہ جہاں پور، انڈیا سے پاکستان کی طرف ہجرت کی اور کراچی میں آبسا، پاکستان ہجرت کے بعد آپ نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کیا جبکہ فارسی لٹریچر میں ماسٹر ڈگری کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی،کراچی یونیورسٹی سے ہی آپ نے صحافت میں ڈپلومے کے علاوہ ایل ایل بی کا امتحان پاس کیا۔
بعد ازاں انکم ٹیکس وکیل کے طور پر وکالت کا آغاز کیا۔ زمانہ طالب علمی میں آپ نے تحریک پاکستان میں ایک فعال کارکن کے طور پر کام کیا۔ اس وقت آپ کی عمر صرف 15 برس تھی اور آپ ابتدائی کلاسوں کے طالب علم تھے۔ اسی زمانے میں آپ نے شاہ جہاں پور کے مسلم رکن قانون سا زاسمبلی کے ہمراہ قائد اعظم کی سربراہی میں ہونے والی آل انڈیا مسلم لیجسلیٹرز کانفرنس میں شرکت کی۔ 1946 سے قیام پاکستان تک آپ مسلم لیگ نیشنل گارڈ ضلع اجمیر کے منتخب صدر رہے۔
آپ نے1957 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ آپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ نے جماعت کی رکنیت کا حلف خانہ کعبہ میں اٹھایا۔ حلف لینے والے پروفیسر غفور احمد تھے۔ شاید اسی کا اثر ہے کہ آپ کی جماعت سے اٹوٹ وابستگی میں کبھی کوئی فرق نہیں آیا۔ اس کے بعد آپ کراچی جماعت کے نائب امیر اور ایک عرصہ تک امیر رہے اور نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے۔
نعمت اللہ خان 1985 کے غیر جماعتی الیکشن میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اپوزیشن ارکان نے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 1988 میں اسمبلی کی تحلیل تک تقریباً ساڑھے تین سال اپوزیشن لیڈر کے منصب پر فائز رہے۔ 2001 میں متعارف کرائے جانے والے ضلعی حکومتوں کے نظام کے بعد نعمت اللہ خان کراچی کے پہلے ناظم منتخب ہوئے