فاروق ستار کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت نہیں دی ،شاہد خاقان عباسی

کراچی (ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان

عباسی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اور اگر کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹرفاروق ستار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احسن اقبال ،(ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب، سابق گورنر سندھ اور (ن)لیگ کے نائب صدر محمد زبیر عمر،(ن)لیگ سندھ کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل اور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں گورننس کا جو ماڈل رہا ہے وہ پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکا اور وہ ناکام ہو چکا ہے ، وہ نہ سیاسی استحکام دے سکا اور نہ عوام کے مسائل حل کر سکا پہلے اس کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم نے ڈاکٹرفاروق ستار کو (ن)لیگ میں شمولیت کی دعوت نہیں تاہم ہمیں امید ہے ایک دن ضروروہ (ن)لیگ میں شامل ہوں گے۔؎

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج ہم صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اپنے بہت پرانے دوست اور ساتھی ڈاکٹر فاروق ستار کے پاس اپنی باتیں سنانے اور ان کی باتیں سننے کے لئے حاضر ہوئے تھے، اپنے اقتدار کے دوران ہم نے کوشش کی کہ جو حصہ ہم کراچی کی تر قی کے لئے ڈال سکتے ہیں وہ ڈالیں، لیاری ایکسپریس وے بھی بن گیا، کے فور منصوبہ کے لئے وفاقی حکومت کے حصہ کی ساری رقم بھی ادا کر دی ،یونیورسٹی کے پروگرام کو آگے بڑھا دیا، گرین لائن منصوبہ کے لئے فنڈز مہیا کر دیئے ، کراچی حیدرآباد ایکسپریس وے پر کام ہو گیا، کوئلے سے بجلی بنانے والے دو جدید ترین پاور پلانٹس حبکو اور بن قاسم پر بنا دیئے جو ہمیشہ کے لئے کراچی کو سستی ترین بجلی فراہم کرتے رہیں گے ۔