حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے غربت کے

خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے ذریعے اعداد و شمار کو مرتب کرنا ترقیاتی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان چند امراءسے نہیں بلکہ اکثریت کے رہن سہن سے ہوتی ہے، ماضی میں بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، کسی ایک علاقے پر زیادہ فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہ جاتے ہیں، غربت کے خلاف جہاد ہی اصل جہاد ہے، کمزور طبقے کی خوشحالی سے ہی ملک ترقی کرے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجراءکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کی تشکیل کو پاکستان میں غربت کے خاتمے کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اس حوالے سے عالمی بینک کے تعاون پر اس کے شکر گزار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے اعداد و شمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان چند امراءسے نہیں بلکہ اکثریت کے رہن سہن سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ماضی میں پنجاب کا 55 فیصد ترقیاتی فنڈ صرف لاہور میں خرچ ہوا جبکہ دیگر علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔

 اس طرح کسی ایک علاقے پر فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان کے ذریعے معلوم ہوگا کہ کہاں کتنا فنڈ خرچ کرنے کی ضرورت ہے، ڈیٹا فار پاکستان کے تحت حاصل ہونے والے اعداد و شمار ملک میں فیصلہ سازی اور فنڈز مختص کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔