لاک ڈاون سختی سے کبھی کامیاب نہیں ہوگا:وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاون سختی سے کبھی کامیاب نہیں ہوگا، پولیس کے ساتھ ساتھ علماء

کرام، ٹی وی اینکرز، کالم نگار، گلوکاروں اور اداکاروں کو کورونا وائرس کی وبا کی سنگینی سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا چاہیے۔
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن سختی سے کامیاب نہیں ہو گا۔ علمائے کرام،ٹی وی اینکرز،اداکاروں اور گلو کاروں کو چاہیئے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کی سنگینی سے متعلق لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ لوگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر دیکھا ہے کہ جو لوگ لاک ڈاؤن توڑ رہے ہیں ان کو ڈنڈے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ پولیس پر پریشر ہے لیکن لاک ڈاؤن سختی سے نہیں، اس وقت کامیاب ہو گا جب شہری خود اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں گے، کیونکہ یہ ان کے فائدے کے لئے ہے کیونکہ اگر کورونا وائرس کی وبا پھیلتی ہے تو اس کے براہ راست اثرات بیماری سے اور بالواسطہ لاک ڈاؤن سے ساری قوم پر پڑتے ہیں، خاص طور پر غریب لوگ اس سے متاثر ہوتے ہیں اس لئے لوگوں کو سمجھایا جائے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ڈنڈے برسانے سے کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ بنگلہ دیش، افریقہ، فلپائن اور ہندوستان میں کہیں بھی لاک ڈاؤن سختی سے کامیاب نہیں ہوتا۔