
اسلام آباد (ویب ڈیسک،فوٹو فائل ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل اور معروف عالم دین
قاری حنیف جالندھری نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کرونا وبائی صورتحال اور بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت کرونا وبا کی انتہائی سطح کو چھو رہا ہے ہمیں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہو گا تاکہ اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ علماء کرام نے جس طرح حکومت کی درخواست پر عوامی اجتماعات کو موخر کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔قاری حنیف جالندھری نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کو موثر انداز میں عالمی فورمز پر اٹھانے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔
قاری حنیف جالندھری نے وزیر خارجہ کو کورونا چیلنج سے نمٹنے اور بھارتی جارحیت کے خلاف علماء کرام کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کے روضے کی بے حرمتی پر پوری مسلم امہ میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس مسئلے کو فوری طور پر او آئی سی فورم پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔














