
اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال 2020-21ء کیلئے جی ڈی پی کی شرح نمو کے ہدف، شعبہ جاتی ترقی کے
تخمینوں اور مجوزہ سالانہ پلان کیلئے میکرو اکنامک فریم ورک کی بھی منظوری دیدی۔ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں رواں مالی سال 2019-20ء کے دوران ملکی معیشت کی صورتحال اور مالی سال 2020-21ء کیلئے جائزہ زیر غور لایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوششوں کے بعد معیشت میں بڑھوتری ممکن ہوئی تاہم کورونا کی وباء کی وجہ سے یہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی اور بالخصوص لاک ڈاؤن کے اثرات سے معاشرے کے غریب طبقات کو محفوظ کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔
اجلاس نے آئندہ مالی سال 2020-21ء کے دوران جی ڈی پی کی گروتھ کے ہدف کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کیلئے شعبہ جاتی نمو کے تخمینوں کی بھی منظوری دی۔ قومی اقتصادی کونسل نے مجوزہ سالانہ پلان برائے 2020-21ء کیلئے میکرو اکنامک فریم ورک کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں رواں مالی سال 2019-20ء کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور آئندہ مالی سال 2020-21ء کیلئے مجوزہ ترقیاتی جائزہ بھی زیر غور لایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں وہ منصوبے شامل کئے گئے ہیں جو متعلقہ فورمز سے پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں، یہ منصوبہ بندی کے بہترین رائج طریقوں کے مطابق ہے، اس سے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تیز عملدرآمد اور وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کو یقینی بنایا جا سکے گا جس سے اقتصادی نمو میں مدد ملے گی۔














