
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے تعلیمی نظام میں طبقاتی تفریق کو ختم کرنا موجودہ حکومت کی اولین
ترجیح ہے، یکساں نصاب تعلیم کو مرتب کرنے اور ملک بھر میں اس کے نفاذ کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے یہ ہدایات نظام تعلیم میں اصلاحات کے سلسلہ میں پیش رفت اور کورونا صورتحال کے تناظر میں تعلیم کے حوالہ سے حکومتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے حوالہ سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے خصوصاً مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو جدید علوم کی تعلیم سے آراستہ کرنے اور ان کو ہنرمند بنانے کے حوالہ سے مدارس کے ساتھ طے شدہ لائحہ عمل پر عملدرآمد کے حوالہ سے بھی کوششیں تیز کی جائیں۔کورونا کی صورتحال کے پیش نظر تمام صوبائی وزراء تعلیم کی مشاورت سے تعلیمی و تدریسی عمل کے ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالہ سے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات میں تعلیمی اداروں کی مالی مشکلات اور والدین کے فیسوں کے حوالہ سے تحفظات کو دور کرنے کے حوالہ سے بھی حکمت عملی وضع کی جائے۔
وزیرِاعظم کو ملک میں یکساں نصاب تعلیم متعارف کرانے، مدرسوں کے حوالہ سے اصلاحات، ہنرمند پاکستان کے فروغ اور ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔














