
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کو پٹرول بحران کی تفصیلی رپورٹ پیش کردی گئی جس میں پٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین بھی
کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے بحران میں ملوث تمام کمپنیوں کے لائسنس منسوخ، ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور ذخیرہ شدہ پٹرول مارکیٹ میں سپلائی کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پیٹرول کے بحران کومصنوعی قراردیدیا گیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کوجمعرات کو ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں پیٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین بھی کر دیا گیا۔ اوگرا نے پیٹرول بحران کی ذمہ داری پیٹرولیم ڈویژن پر عائد کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جان بوجھ کر بحران پیدا کیا، ڈی جی آئل ڈاکٹر شفیع آفریدی اورپٹرولیم ڈویڑن افسران اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے۔ وزیراعظم نے پٹرول بحران میں ملوث کمپنیوں اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار اورذخیرہ شدہ پٹرول جبری طور پر مارکیٹ میں سپلائی کرنے کا حکم دے دیا۔














