
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو ڈنمارک کے اپنے ہم منصب جیب کوفوڈ کے ساتھ ویڈیو لنک کے
ذریعے رابطہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ گذشتہ سات دہائیوں سے قائم دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملہ اور قیمتی جانوں کے نقصان پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء کے باعث ڈنمارک میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس وباء سے نمٹنے کیلئے ڈنمارک کی جانب سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے اپنے ڈینش ہم منصب کو، پاکستان کی طرف سے اس عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا وباء کے معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ ڈنمارک ڈیٹ ریلیف تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک کیلئے ڈیٹ ریلیف کی تجویز کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں ممکنہ تعاون کا عندیہ دیا۔ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وبا کے بعد ہم احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کاروبار زندگی کو بحال کر رہے ہیں۔ اقدامات اٹھا رہا ہے۔ ڈینش وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس اور فیٹف کی شرائط پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔














