
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کا حملہ پاکستان کے لئے بڑا چیلنج ہے،
حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، ٹڈی دل سے بچاؤ کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم نے یہ بات نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کے دورہ کے دوران کہی۔ وزیراعظم کو اس موقع پر ٹڈی دل سے بچاؤ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات عاصم سلیم باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران بھی موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان، چیف سیکریٹری بلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ لوکسٹ کنٹرول کے لئے نیشنل ایکشن پلان کا پہلا مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ پاکستان آرمی کے انجینئر انچیف اور این ایل سی سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے ملک کے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں ٹڈی دل پر کنٹرول کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان کو قومی، صوبائی اور اضلاع کی سطح پر مانیٹرنگ، سروے اینڈ کنٹرول، اداروں کی سطح پر کوآرڈینیشن، وسائل مختص اور موبلائز کرنے اور آگاہی مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے چین، جاپان اور برطانیہ کی طرف سے تکنیکی اور دیگر معاونت کی فراہمی کو سراہا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ افریقہ سے ایران اور بھارت کے راستے بھی ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔














