
لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل
میں ناکام ہوچکی ہے،وباء کے دنوں میں شعبہ صحت میں پنجاب حکومت کی ناکامی نے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا،وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کے 483 ارب روپوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے،عمران خان کے مطابق اگر پنجاب میں کرپشن ختم نہیں ہوئی تو یہ کرپشن کون کررہا ہے۔
منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پی پی پی اراکین پنجاب کابینہ، اراکین صوبائی اسمبلی، پارٹی کے مختلف ذیلی ونگز کے سربراہان سمیت دیگر سینئر رہنما ؤں نے شرکت کی۔بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں کا صوبے کی سیاسی صورت حال پر رائے کا اظہارکیا،اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کو متحد کرنے کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کو پنجاب بھر میں سیاسی طور پر مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا اوربلاول بھٹو زرداری نے پی پی پنجاب کے رہنماؤں کو بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام میں اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں، پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے۔














