وزیر اعظم کا بنگلہ دیشی ہم منصب کو فون،کورونا سے ہلاکتوں پر اظہارافسوس

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ٹیلی فون کیا اور ان سے بنگلہ

دیش میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کوویڈ۔19 سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنے اپنے ملکوں میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے شیخ حسینہ کو اپنی حکومت کی طرف سے عوام کی زندگیاں اور ذریعہ معاش بچانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کو ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کرنے کے حوالے سے عالمی سطح پر شروع کئے گئے اپنے اقدامات اور بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں کی جلد بحالی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ روابط اور عوام کی سطح پر وفود کے تبادلوں پر زور دیا۔