اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف سمیت دیگر مسودہ قوانین پر غور کیلئے وقت مانگ لیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف، نیب سمیت مختلف قوانین کے

حوالے سے دیے گئے مسودے پر غور و خوص کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی امور کا دوسرا اجلاس پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں منعقد ہوا۔اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف، نیب سمیت مختلف قوانین کے حوالے سے دیے گئے مسودے پر غور و خوص کیلئے مزید وقت مانگ لیا،پارلیمانی کمیٹی کا آئندہ اجلاس آج منگل 6 بجے شام پارلیمنٹ میں ہو گا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تمام مسودے اپوزیشن کیساتھ شیئر کر دیئے ہیں۔
ہم نے اپنا نکتہ نظر ان کی خدمت میں پیش کیا ہے۔اپوزیشن کو مشاورت کیلئے کچھ وقت درکار تھا۔ہم نے بھی تقاضا کیا کہ جس طرح ہم نے نیب کے حوالے سے اپنا موقف تحریر میں پیش کیا ہے آپ بھی اپنا موقف ہمارے سامنے رکھے کہ آپ کی سوچ میں کتنا خلاہے،اور آپ کیا کہنا چاہتے ہیں تاکہ ہم اسے زیر غور لا سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود،وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری،وفاقی وزیر برائے صنعت حماد اظہر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر،وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ،مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، سینیٹر شیریں رحمان، احسن اقبال، جاوید عباسی و دیگر ممبران پارلیمانی کمیٹی نے شرکت کی۔