ملک میں آٹا اور چینی کی وافر اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے،وزیرِاعظم


اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں آٹا اور چینی کی وافر اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے اور ذخیرہ

اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو ملک بھر میں یکساں سطح پر لانے کے لئے باہمی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔
وہ یہاں ملک میں گندم اور چینی کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، سینیٹر سید شبلی فراز، مشیر ان ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری صاحبان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی کی صورتحال اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
گندم کی دستیابی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پندرہ ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم کی سپلائی فلور ملز کو کی جا رہی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پاسکو سے اسی ہزار میٹرک ٹن گندم حاصل کر لی ہے جبکہ مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن کے لئے معاہدہ ہو چکا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سرکاری طور پر گندم کی ریلیز سے جہاں دستیابی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے وہاں قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑا ہے۔گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عنا صر کے خلاف اب تک کی جانے والی کاروائی کی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔ اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے کی جانب سے پندرہ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔