دو سال بہت مشکل سے گزارے‘ ملک تباہ حال ملا،وزیر اعظم عمران خان

لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو سال بہت مشکل سے گزارے ہیں، ملک تباہ شدہ حال میں ملا جسے چلانا ہمارے

لئے بڑے معرکہ سے کم نہ تھا، جب بھی کوئی ملکی مسئلہ درپیش آتا تو این آر او مانگنے والے شور شرابہ شروع کردیتے،کورونا کے خاتمہ کیلئے سب نے محنت کی اور اللہ تعالی نے ہمیں اس عذاب سے بچا لیا جبکہ انسان کا کام کوشش کرنا ہے،اب اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو یہ نا شکری ہو گی۔وزیر اعظم جمعہ کو شاہدرہ کے علاقہ میں ”راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ و
زیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے اور اب پاکستان پر وہ وقت آچکا ہے جس کے ہم نے وعدے کئے تھے ان کو پایہ تکمیل تک پہنچاسکیں، لاہور باغوں اور پھولوں کا شہر کہلاتا تھا جس کی خوبصورتی اور حسن اس شہر کو دوبالا کرتا تھا اور لوگ نلکوں سے اس وقت میٹھا پانی پیتے تھے،آلودگی کا کوئی تصور نہیں تھا، لوگ صاف ستھرے شہر میں صحت مند زندگی گزار رہے تھے پھر آہستہ آہستہ شہر پھیلتا گیا،آبادی بڑھتی گئی اور آلودگی اور گندگی نے باغوں اور خوبصورتی کی جگہ لے لی، پانی نیچے چلا گیا جبکہ پچھلے 15سال سے پانی 8سو فٹ نیچے جا چکا ہے، سبزے سے بھرپور زمین ختم ہو گئی، آبادی کے پھیلاؤ کے باعث پہلے بار ہمیں گندم کی کمی کا سامنا کرنا پڑا اور لاہور آہستہ آہستہ تبدیل ہو گیا۔
واس موقع پر وزیر اعظم کو منصوبہ بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دریا ئے راوی اپنی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھا جو اب سکڑکر سیوریج نالہ بن چکا ہے، ہماری حکومت نے مشکل منصوبہ ”راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ“ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے‘یہ پراجیکٹ لاہور کو بچانے کا منصوبہ ہے، اس سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی اور آنے والے دنوں میں لاہور کو کراچی جیسے خطرناک مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ ایک ایسا شہر بنایا جائے جو جدید طرز کا ہو جس میں تمام سہولیات موجود ہوں اور وہ منصوبہ بندی کے تحت بنایا جائے، راوی سٹی اسلام آبادکے بعد پاکستان کا دوسرا منصوبہ بندی والا شہر ہے جس میں 13شہر آباد ہوں گے جبکہ ایک کلومیٹر وسیع اور 46کلومیٹر لمبی جھیل بھی اس میں شامل ہوگی، مذکورہ پراجیکٹ 1لاکھ 10ہزار ایکٹر پر محیط ہو گا جسے آلودگی سے پاک کرنے کیلئے 60لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ شہر کے گندے نالوں کے پانی کو ٹریٹ کر کے دریا میں چھوڑا جائے گا،جس سے پانی کی زیر زمین سطح بلند ہو گی۔