دنیا میں اپنا مقام بحال کرنے کیلئے پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی،شہبازشریف

مظفرآباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ

پاکستان ایٹمی قوت ہے،دنیا میں اپنا باوقار مقام بحال کرنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی،ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کی اشد ضرورت ہے،مودی نے آرٹیکل 370اور 35اے ختم کر کے پور ی دنیا کو چیلنج کیا ہے۔پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی آنکھ ہی نکال دیں گے۔
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کشمیریوں نے ستر سال سے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ہمارے دل اہل کشمیر کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں اور جب تک کشمیر پاکستان نہیں بن جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔صرف نقشے میں شامل کرنے سے نہیں بلکہ اس پر عملی کام کی ضرورت ہے۔بین الاقوامی برادری میں کشمیر کے لیے موثر سفارتکاری کی ضرورت ہے،صرف لفاظی نہیں بلکہ عملاً آگے بڑھنا ہوگا۔کشکول توڑنا ہوگا،بھکاری پن کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ بنانے کے لیے بانی پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور میاں محمد نوازشریف نے اسے آگے بڑھا کر ہندوستان کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔دنیا نے اس وقت پانچ ارب ڈالر دینے کی آفر کی اور انکار پر دھمکیاں دیں،پاکستانی قوم نے پابندیاں بھی برداشت کیں مگر تاریخ شاید ہے کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔اس کا کریڈٹ میاں محمد نوازشریف،ان کی کابینہ،پاکستانی عوام،افواج پاکستان،ملکی سلامتی کے اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں کو جاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہے،جس نے پانچ اگست 2019ء کو آرٹیکل 370اور 35اے ختم کر کے انتہائی شرانگیز جابرانہ اور تکبرانہ اقدام کیا۔مودی نے دنیا کو ثابت کیا کہ وہ مسلمانوں کا ہی نہیں کشمیریوں کا بھی قاتل ہے۔اس نے صرف کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو چیلنج کیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو استصواب رائے دینے کی گارنٹی دی تھی آج وہ گارنٹر کیوں خاموش ہیں کہ بھارت نے یکطرفہ طورپر کشمیر پر جابرانہ تسلط قائم کردیا ہے۔