
اسلام آباد (ویب دیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت کے استحکام کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی پر
یقین رکھتا ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ اور آئی پی یو کے مابین مستقبل رابطہ رہتا ہے، ہم اس باہمی ربط کو مزید مستحکم بنانے کے متمنی ہیں۔
یہ بات انہوں نے آئی پی یو کی صدر جبریلا کووس بیرن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران جمہوری نظام کو مستحکم بنانے میں پارلیمنٹ کے کردار اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے آئی پی یو کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں پارلیمنٹ کی بالادستی کے حوالے سے جبریلا کووس بیرن کی خدمات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جمہوریت کے استحکام کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ اور آئی پی یو کے مابین مستقبل رابطہ رہتا ہے ہم اس باہمی ربط کو مزید مستحکم بنانے کے متمنی ہیں۔ وزیر خارجہ نے صدر آئی پی یو کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کی ہندتوا سوچ اور یکطرفہ غیر آئینی اقدامات پورے خطے کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری گذشتہ ایک سال سے کرفیو کی صورت میں بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔کشمیری، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ نہتے کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودارادیت دلوانے اور انہیں بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے آئی پی یو اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔














