
اسلام آباد (ویب ڈیسک )اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو فوری ملک بدری سے روکتے ہوئے وزارت داخلہ، ڈی
جی ایف آئی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، امریکی شہری سنتھیا رچی کی فوری ملک بدری روکنے کے احکامات جاری کیے ۔
درخواست کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنتھیا ڈی رچی کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کاکہنا تھا کہ آئندہ سماعت تک سنتھیا ڈی رچی تمام الزامات کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کرے، ہم یقینی بنائیں گے کہ پٹیشنر کو مکمل انصاف ملے ۔
وکیل سنتھیا ڈی رچی نے عدالت کو درخواست کی سماعت کے دوران بتایا کہ وزارت داخلہ نے ویزہ مسترد کرتے وقت نہ وجوہات کا ذکر کیا نہ سنا ہے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ویزہ مسترد کرنے میں وجوہات کا ذکر کرنا ضروری نہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہر روز پاکستانیوں کے ویزے مسترد ہوتے ہیں کوئی وجہ نہیں بتائی جاتی، آپ کی گراﺅنڈ یہ بنتی ہے کہ آپ کے حوالے سے کیسز ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ا س موقع پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا۔واضح رہے کہ سنتھیارچی نے وزارت داخلہ کے 2 ستمبر کے آرڈر کو عدالت میں چیلنج کیا تھا ۔














