
راولپنڈی(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کے رہنماﺅں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو
ملاقاتیں ہوئیں۔ اپنے ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماں کی کچھ روز قبل بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ احسن اقبال اور خواجہ آصف کی عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ن لیگی رہنماﺅں کی ملاقاتیں کافی دیر تک جاری رہیں اور آج میں مجبوراًکہہ رہا ہوں کہ ایک نہیں 2ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
ملاقاتیوں میں احسن اقبال کو بھی شامل کریں۔ ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے۔مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز جس دن سچ بولیں گی اس دن ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا، سیاست شروع ہوچکی ہے (ن)سے(ش)کے الگ ہونے کا آج پہلا دن ہے۔
شیخ رشید احمد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کے منفی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برس جنوری کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کا منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گا، جماعت کی باگ ڈور سنبھالنے کے حوالے سے مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان اختلافات ہیں جس کی وجہ سے شریف فیملی کی سیاست میں واضح خلا دکھائی دے رہا ہے۔














