نواز شریف کی یکم اکتوبر کی تقریر کے خلاف دائر درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس

اسلام آباد(ویب ڈیسک )اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی یکم اکتوبر کی تقریر کے خلاف دائر

درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی۔ شہری شاہجہاں کی طرف سے دائر درخواست میں نواز شریف، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری قانون کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیاگیاہے کہ نوازشریف تین دفعہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، نوازشریف کی یکم اکتوبر کی تقریر قومی مفاد کے خلاف ہے۔
استدعاہے کہ نواز شریف کو قومی مفاد کے خلاف پریس کانفرنس اور میڈیا ٹاک سے روکا جائے،قومی مفاد اور مفاد عامہ کو مد نظر رکھ کر درخواست منظور کی جائے۔ادھر اسلام آبادہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہاکہ درخواست سمجھ ہی نہیں آرہی لکھا کیا ہے،نہ کورٹ فیس لگائی گئی نہ آئی ڈی کارڈ کی کاپی منسلک کی گئی،کوئی دستاویز منسلک نہیں،پیج مارک نہیں کئے،اوپننگ فارم بھی نہیں ہے۔