حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس:فائیو جی کے اجراءکا عمل شفاف بنانے کی ہدایت

اسلام آباد ( ویب ڈیسک،فوٹو فائل )وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے ہدایت کی ہے کہ فائیو جی کے اجراءاوربولی کا

تمام عمل شفاف ہونا چاہیے جو عوام کو روزانہ کی بنیادوں پر سپیکٹرم کی بولی سے متعلق معلومات سے آگاہ رکھے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے آنسولڈ سپیکٹرم(فائیو جی) کے اجراءکے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کی ہے ۔اجلاس میں وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی شرکت کی ۔کمیٹی کو چیئرمین پی ٹی اے اور سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے دستیاب سپیکٹرم کی فروخت کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت بارے بریفنگ دی ۔
فریکونسی ایلوکیشن بورڈ نے بھی اس معاملے پر اپنی تجاویز دیں۔کمیٹی کو بریف کیا گیا کہ دستیاب سپیکٹرم کی فروخت کے لئے کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کا عمل 60 روز میں مکمل ہو جائے گا اور اس کے مطابق رپورٹ تیار کر کے کمیٹی کے سامنے پیش کر دی جائے گی ۔توقع ہے کہ ابتدائی رپورٹ دسمبر 2020 تک تیار ہوگی ۔سپیکٹرم کے فروخت کا عمل کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کے بعد ہوگا اور رواں مالی سال کے اندر اس عمل کو مکمل کی جانے کی امید ہے ۔کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر مشیر خزانہ نے کنسلٹنٹ کو فوری بنیادوں پر بھرتی کرنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔