کورونا سے اموات میں اضافہ ہوا،عوام احتیاط کریں

لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو :فائل ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ

کورونا کیسز اور اموات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اس حوالے سے بڑی احتیاط کی ضرورت ہے، ہم روزگار بند نہیں کریں گے یورپ اور دیگر ممالک کی طرح مکمل لاک ڈاﺅن نہیں کریں گے ، اجتماعات سے کورونا کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہوتا ہے ، اپوزیشن جماعتیں جلسے ، جلوس کرکے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں ان کے جلسے ، جلوس کا کوئی فائدہ نہیں انہیں کسی صورت این آراو نہیں ملے گا۔
لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کورونا سے یومیہ اموات 50 سے بھی بڑھ چکی ہیں ، ڈاکٹر پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر طبی عملے پر دباﺅ بڑھنے کا خدشہ ہے مشکل سے معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں ہمیں احتیاط کرنی چاہیے بطور قوم احتیاط نہ کی تو ہسپتالوں پر دباﺅ بڑھے گا اور معیشت بھی متاثر ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت میں کرونا سے بہت برے حالات ہیں وہاں لاکھ سے بھی زائد لوگ مرچکے ہیں اور معاشی حالات بھی بہت خراب ہیں دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت بھارت کی معیشت زیادہ متاثر ہوئی ہے پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس کی معیشت بھی بہتر ہے اور حالات بھی قابو میں رہے لیکن اب کورونا کی دوسری لہر تیزی سے سراٹھارہی ہے اور پاکستان میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرہم نے بحیثیت قوم احتیاط نہ کی تو کیسوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ معاشی حالات بھی بدتر ہوسکتے ہیں اس لئے میری قوم سے اپیل ہے کہ جس طرح انہوں نے پہلی لہر میں ایس او پیز پر عمل کیا اس بار بھی عمل کرے ۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ دو ہفتہ پہلے کورونا سے اموات 9 سے 10 تھیں اب 50 تک پہنچ چکی ہیں اگر احتیاط نہ کی تو اموات کی شرح میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا ۔