
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ
اس وقت ملک کےلئے انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے جس میں تعمیراتی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، انہوں نے ہدایت دی کہ اسلام آباد میں گرین ایریاز کو بچانے کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
زیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاو¿سنگ، تعمیرات و ترقی کا ہفتہ وار اجلاس منعقدہوا ۔اجلاس میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز, وزیرِ اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاونینِ خصوصی ملک امین اسلم، شہباز گل، سید ذوالفقار عباس بخاری، وقار مسعود، وفاقی و صوبائی سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران نے شریک تھے۔
گورنر اسٹیٹ بنک نے ا جلاس کو آگاہ کیا کہ بنکوں نے ہاو¿سنگ اور تعمیرات کے ضمن میں دئیے گئے اس سہ ماہی کے اہداف کو بڑی حد تک مکمل کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بینکوں کو اس سلسلے میں صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ اسٹیٹ بینک کے سو سے زائدافسران روزانہ کی بنیاد پر مختلف بینکوں میں "مسٹری شاپنگ" کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو میسر سہولیات کے بارے میں معلومات بھی اکٹھی کی جا سکتی اور انہیں یقینی بھی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آٹومیشن کی عمل پر تیزی سے کام جاری ہے اور انشائ اللہ اس ماہ کے آخر تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔اس عمل کے مکمل ہونے سے عوام کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ نیو بلیو ایریا میں فروخت کیے گئے 12 میں سے چار کمرشل پالاٹوں کے نقشے سی ڈی اے کو موصول ہو چکے ہیں جن پر تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے جس میں تعمیراتی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہمیں تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔














