
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اپنی سفارت کاری کو
تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا، معاشی سفارت کارہ ہماری سفارتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے، معاشی سفارت کاری ڈویژن کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزارتِ خارجہ میں منعقدہ اس اجلاس میں معاشی سفارت کاری کے فروغ کے مختلف پہلوﺅں پر غورکیا گیا۔
وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے معاشی سفارت کاری نبیل منیر، ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اپنی سفارت کاری کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ہماری سفارتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ڈویژن کا قیام جلدعمل میں لایا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کا حصہ بننے والے نئے افسران کو معاشی سفارت کاری اور پبلک ڈپلومیسی کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہےلہذا وزارتِ خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔














