
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان نے کشمیری تنظیم دختران ملت کی بانی رہنما
اور کشمیر کی آئرن لیڈی آسیہ اندرابی سمیت کشمیری رہنماﺅں کی مسلسل قید اور ان کی صحت کی صورتحال پر شدید تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ ، آئی سی آر سی اور انسانی حقوق اور انسان دوست تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری رہنماﺅں کے ساتھ بھارتی حکومت کے غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں اور ان کی غیر قانونی بھارتی نظربندی سے فوری رہائی کے لئے آواز اٹھائیں۔
پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری تنظیم ”دختران ملت“ کی بانی رہنما اور ”آئرن لیڈی آف کشمیر“آسیہ اندرابی سمیت کشمیری رہنماﺅں کی مسلسل قید اور بدستور صحت کی صورتحال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما اور بانی شبیر احمد شاہ اور ممتاز رہنما یاسین ملک، مسرت عالم بھٹ، محمد اشرف صحرائی اور دیگر کشمیری رہنما بدنام زمانہ تہاڑ اور دیگر جیلوں میں کوویڈ 19 وبائی امراض کے باوجود ناقص حالات میںقید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت متعدد دیگر سینئر کشمیری قائدین کو گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے۔
کشمیری رہنماﺅں کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کیے جانے والے کالے قوانین کے تحت بدعنوانی، جھوٹے اور من گھڑت الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنے سیاسی نظریات اور جدوجہد کی بنیاد پر کشمیری رہنماﺅں کو نظربند کرنا اور ان پر تشدد کرنا آر ایس ایس، بی جے پی حکومت کی انتہا پسندانہ ذہنیت کا عکاس ہے، جنہیں کشمیری عوام کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں ہے۔














