معرکۂ حق میں عظیم فتح ملی، پاکستان کا وقار بلند ہوا: وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد: اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان کو عظیم فتح

حاصل ہوئی ہے جس سے ملک کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں اور اس موقع پر اس بات کو اجاگر کرنا ضروری ہے کہ پاکستان کی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور قوم نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ مشکل حالات میں بھی متحد رہتی ہے۔

انہوں نے سید عاصم منیر کی قیادت اور حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤثر اسٹریٹجی کے باعث دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ان کے مطابق پاکستان کی فضائیہ نے دشمن کے جدید طیاروں کو بھی ناکام بنایا اور دفاعی محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا اور سفارتی و عسکری دونوں محاذوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔