
کراچی ( نمائندہ رنگ نو ) ہمدرد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی
نے اسٹوڈنٹ اسپورٹس ویک 2026 کے اختتام پر تمام فیکلٹیز میں سب سے زیادہ چیمپئن شپ کے ایوارڈز حاصل کرکے بہترین فیکلٹی کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
یونیورسٹی کے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں طلباء ہفتہ کھیل کے اختتام پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی کی چانسلر محترمہ سعدیہ راشد (ہلال امتیاز)تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین، ہمدرد پاکستان کی ایم ڈی اینڈ سی ای او فاطمہ منیر احمد، سی او او فیصل ندیم منگوریا،گروپ ڈائریکٹر ایچ آر ابو طالب بھٹو اور رجسٹرار سید فیض اللہ جواد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کامیاب طلباء میں ایوارڈز اور ٹرافیز تقسیم کیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عمران امین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں جیتنے والی تمام ٹیموں اور ایونٹ کے آرگنائزر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ مارکیٹنگ شہریار پاشا اور ان کی ٹیم کو بہترین ایونٹ آرگنائز کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال منعقد ہونے والا اسٹوڈنٹ ویک یونیورسٹی کے طلباء کا حق اور صحت مند سرگرمیوں کا محور ہے جس سے ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور ملک و قوم کو نیا ٹیلنٹ دستیاب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل صرف کھیل ہوتا ہے ہار اور جیت کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ہفتہ طلباء کے دوران اِن ڈور اور آؤٹ ڈور گیمز منعقد ہوئے جس میں یونیورسٹی کی تمام سات فیکلٹیز بشمول نرسنگ نے بھی بھرپور حصہ لیا اور متعدد ایوارڈ حاصل کئے۔ ہفتہ طلباء کے دوران 29اپریل کو ایک منفرد ایونٹ آٹو شو تھا جس میں درجنوں اسپورٹس کاروں اور آف روڈنگ گاڑیوں کی نمائش کی گئی اور ان گاڑیوں نے اپنے کرتب کا مظاہرہ کیا۔ ہفتہ طلباء کے آخری روز ایک نمائشی ریسلنگ کا مقابلہ بھی ہوا جس میں ٹیم آر ای ڈبلیونے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ہفتہ کھیل کے دوران کرکٹ، فٹبال،باسکٹ بال، فٹسال، بیڈ منٹن،ٹیبل ٹینس، تھرو بال، لڈو،والی وال اور شطرنج کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے۔ اختتامی تقریب کے آخر میں چانسلر محترمہ سعدیہ راشد، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین، رجسٹرار سید فیض اللہ جواد، ہمدد پاکستان کے سی ای او فیصل ندیم مینگوریا، گروپ ڈائریکٹر ایچ ار ابو طالب بھٹو نے جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیز اور انعامات تقسیم کئے۔














