
تہران( ویب ڈیسک،فوٹو فائل ) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ بندر عباس کے علاقوں پر امریکی حملے بین الاقوامی قوانین اور
اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے امریکا کو اس اقدام پر جوابدہ ٹھہرائے,اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر بھی شدید ردِعمل ظاہر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن تہران پر عائد پابندیوں میں فوری نرمی کے لیے تیار نہیں۔
ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے رکن ملک عمان کو تباہ کرنے کی دھمکی دینا بین الاقوامی سفارتی آداب اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، جو طاقت کے بے جا استعمال اور غنڈہ گردی کی خطرناک علامت ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر عمان نے امریکا کی توقعات کے مطابق رویہ اختیار نہ کیا تو واشنگٹن سخت اقدامات پر غور کر سکتا ہے۔














