
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور
پاکستان نے جنگ بندی اور امن کے فروغ کے لیے بھرپور اور مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے ان کوششوں کی حمایت پر چینی قیادت، خصوصاً صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔
چین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں ایک پُروقار استقبالیہ منعقد کیا گیا جہاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کا تعارف بھی کروایا گیا۔ پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو چینی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات بھی ہوئے۔
چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ قریبی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مثبت سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کا دورہ ہمیشہ ان کے لیے خوشی اور حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے کیونکہ ہر بار چین میں نئی ترقی اور تعمیر کا مشاہدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے صوبہ شانستی کی کوئلے کی کان میں دھماکے پر چینی عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی لازوال دوستی اور سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں نے جس اعتماد، اخلاص اور دوستی کی بنیاد رکھی، آج اسی ورثے کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے عالمی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور خلیجی خطے میں کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کیلئےمخلصانہ سفارتی کردار ادا کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں اہم ملاقاتوں کے ذریعے رابطوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن ایجنڈے کی بھرپور حمایت کرتا ہے جبکہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیرِ خارجہ کی جانب سے جنگ بندی کے لیے پیش کردہ پانچ نکاتی پروگرام بھی خطے میں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے مل کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔














