
کراچی ( نمائندہ رنگ نو) الخدمت خواتین کے تحت طالبات کیلئے ایک ماہ کا انٹرن شپ پروگرام مکمل ،ان ٹرن شپ پروگرام کا اہتمام فیشن ڈیزائننگ و ڈریس میکنگ لیول ٹو کے
لیے کیا گیا تھا ،پروگرام سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی( اسٹیفٹا) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔ انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر الخدمت کے ہیڈآفس میں منعقدہ تقریب میں طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔
تقریب کی صدارت الخدمت خواتین کراچی کی صدرمنور اخلاص نے کی ۔تقریب سے ڈائریکٹر الخدمت والنٹیئر پروگرام بھی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرجنرل منیجر ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ حبیب الرحمن اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔صدرالخدمت خواتین منور اخلاص نے کہا کہ الخدمت خواتین کو بااختیار اور مالی طور پر خود کفیل بنانے کیلئے کام کر رہی ہے ،انٹرن شپ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کے بعد یہ خواتین معاشی خود کفالت کیلئے آسانی سے اپنی منزل کا تعین کرسکیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں خواتین کے پاس آج بڑھنے کے وسیع مواقع ہیں ۔وہ اپنی دلچسپی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہا ر کرسکتی ہیں اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں ۔انہوں نے تمام طالبات کو کامیابی کے ساتھ انٹرن شپ مکمل کرنے پر مبارکباد دی ۔یوسف محی الدین نے کہا کہ الخدمت اپنے مقبول پروگرام بنو قابل کے ذریعے بڑی تعداد میں طالبات کو زندگی کی عملی سمت متعین کرنے میں مدد دے چکی ہے ۔
الخدمت خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں کیوں کہ وہ اس شعبہ میں سبقت لے گئی ہیں جس میں انہوں نے انٹرن شپ پروگرام کروایا ہے، الخدمت کی خواہش تھی کہ وہ اس طرح کے پروگرامز کا اہتمام کرے ۔الخدمت ویمن اپماورمنٹ پروگرام کے ذریعے گھریلو خواتین کیلئے پروگرام شروع کر نے پر کام کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ خواتین اب ہر شعبے میں مردوں سے سبقت لے جارہی ہیں ،ضروری ہے کہ کاروباری دنیا میں داخل ہو کر ایمانداری کو اختیار کیا جائے ،محنت کی جائے وقت کی قدر کی جائے اور نتائج اللہ پر چھوڑے جائیں ،کامیابی مل کر رہے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر خوتین بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ایسے پروگرامز کا حصہ بن کر معاشرے اور اپنے خاندانوں کیلئے فعال کردار ادا کریں۔



































