
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے
اداروں کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کے خاندانوں، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں 50 افسران و جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا، شہدا کے اہل خانہ نے اعزازات وصول کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہر پاکستانی کے لیے مقدس امانت ہیں، جبکہ وطن عزیز میں امن و سلامتی انہی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے صبر، حوصلے اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔




































