
تہران ( ویب ڈیسک ،فوٹو اسکرین شارٹ )پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان
کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں دورۂ ایران پر موجود چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، امریکا ایران مذاکرات، جنگ بندی تجاویز اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ موجود تھے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اسپیکر باقر قالیباف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی قوم اور ملکی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے دوران ایرانی افواج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثالثی کوششوں کے تناظر میں بات چیت میں مثبت پیشرفت کی امید برقرار ہے جبکہ ایران امریکی جنگ بندی تجاویز پر اپنے ردِعمل کو حتمی شکل دینے کے قریب ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر گزشتہ روز تہران پہنچے تھے جہاں ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی اہم ملاقات کی گئی جس میں خطے میں امن و استحکام اور سفارتی حل پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق چین روانہ ہوں گے، جہاں علاقائی سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔




































