
ملتان (رپورٹ:محمد طلحٰہ صدیقی )ملتان میں پی پی 218کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا، پی پی 218 کے تمام 138 پولنگ سٹیشن
کےغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے ملک واصف مظہرراں46670ووٹ لے کرکامیاب قرارپائے۔
پیپلز پارٹی کے ارشد راں39254ووٹ حاصل کر سکے۔آزادامیدوار ملک شاہد عباس راں نے3571 تحریک لبیک پاکستان کے محمد اسرار الحق چیمہ نے 1146، آزاد امیدواروں محمد طفیل نے 230 اورمحمد رمضان نے 102 ووٹ حاصل کئےہیں ،جبکہ 1726 ووٹ مسترد کئے گئے۔ٹرن آئوٹ 45.62 فیصد رہا۔پی پی 218کی نشست پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک مظہرعباس راں کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخابات میں 6امیدواروں تحریک انصاف سے ملک واصف مظہر راں،پیپلز پارٹی سے ملک محمد ارشد راں،تحریک لبیک سے اسرار الحق سمیت آزاد امیدواروں محمد رمضان، محمد طفیل، شاہد عباس راں نے حصہ لیا ،ضمنی الیکشن میں چھ امیدوار میدان میں تھے تاہم مقابلہ پی ٹی آئی کے ملک واصف راں اور پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ملک ارشدراں کے درمیان رہا ۔
پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرملک ارشدراں کومسلم لیگ ن کی بھی مکمل حمایت حاصل تھی۔پولنگ صبح 8بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی، پولنگ سٹیشنوں کے باہر امیدواروں کی جانب سے کیمپ لگائے گئے تھے،جس میں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود رہی ۔امیدواروں کی جانب سے ووٹر کو پولنگ اسٹیشن تک لانے لےجانے کے لئے ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی گئی تھی۔
پولنگ کی صورتحال مجموعی طور پر پرامن رہی جبکہ ٹرن آئوٹ تقریبا 35فیصد رہا،ضمنی الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد ملک واصف راں کے ڈیرے پر پہنچ گئی ، حامیوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن منایا،آتشبازی کی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی ۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ،صوبائی وزیرڈاکٹراخترملک،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ورہنماؤں نے ملک واصف مظہرراں کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔














