آئی ایم ایف: 45 کروڑ 24 لاکھ ڈالر قرض کی قسط جاری کردی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کے لئے45

کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے۔

 آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو توسیع دینے، غربت کے خاتمے اور صنفی امتیاز کے خاتمہ میں پرعزم ہے، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لئے مالی تعاون کے تدارک کے ضمن میں تیز تر پیشرفت ضروری ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور استعداد کار میں بہتری کے لئے معاونت فراہم کرنے والے دیگر ادارے پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کررہے ہیں ۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی لسٹ سے نکلنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہیے۔

 آئی ایم ایف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کے لئے توسیع فنڈ سہولت کا پہلا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔ انتظامی بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز واشنگٹن میں منعقد ہوا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے۔